ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / عبداللہ بن زاید کی زیرصدارت امارات ڈپلومیٹک اکیڈمی کے بورڈ آف ٹرسٹیز کا اجلاس

عبداللہ بن زاید کی زیرصدارت امارات ڈپلومیٹک اکیڈمی کے بورڈ آف ٹرسٹیز کا اجلاس

Sat, 09 May 2020 15:14:19    S.O. News Service

ابوظہبی،8؍مئی (ایس او نیوز؍ایجنسی) امور خارجہ اور بین الاقوامی تعاون کے وزیر شیخ عبد اللہ بن زاید آل نھیان نے امارات ڈپلومیٹک اکیڈمی کے بورڈ آف ٹرسٹیز کے گیارہویں اجلاس کی صدارت کی ۔ ورچول اجلاس میں بورڈ ارکان نے عالمی سطح پر COVID-19 وبائی مرض کے دوران عالمی معیار کی سفارتی تعلیم کی فراہمی جاری رکھنے کی اکیڈمی کی اہلیت کو یقینی بنانے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔

شیخ عبد اللہ نے کہا کہ قیادت کی حقیقی اہلیت کا صحیح اندازہ اس وقت لگایا جاسکتا ہے جب قوموں کو زبردست رکاوٹوں اور مشکلات کا سامنا ہو جیسا کہ اس وقت تمام ممالک کو غیر معمولی COVID-19 وبائی مرض کا سامنا ہے۔ انھوں نے کہا کہ صدر عزت مآب شیخ خلیفہ بن زاید آل نھیان کی بصیرت افروز قیادت میں متحدہ عرب امارات اپنے لوگوں کی ضروریات خصوصا تعلیم جیسے اہم شعبوں میں انکی تمام ضروریا ت کو پورا کرنے کو یقینی بناتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ یہ یقینی بنانا بہت ضروری ہے کہ متحدہ عرب امارات کے نوجوان سفارت کاروں کو اس بحران کے دوران اور آئندہ بھی اعلی درجے کا علم اور مہارت حاصل ہوتی رہے۔ انھوں نے کہا کہ اکیڈمی نے اس بات کا ثبوت دیا ہے کہ وہ وبائی مرض کے دوران بھی بین الاقوامی میدان میں اپنی قوم کی اہم حیثیت کو مستحکم کرنے کیلئے متحدہ عرب امارات کے وژن کی تکمیل کے لئے پُرعزم ہے۔

شیخ عبداللہ نے کہا کہ امارات ڈپلومیٹک اکیڈمی متحدہ عرب امارات کی معروف سفارتی اکیڈمی ہے جو اماراتی سفارتکاروں کی اگلی نسل تیار کرتی ہے۔ یہ نسل دنیا کے دیگر ممالک کے ساتھ تعاون اور امن کے پلوں کی تعمیر کے لئے قوم کی کوششوں کو جاری رکھے گی۔ اجلاس میں وزیر مملکت برائے امور خارجہ ڈاکٹر انور بن محمد قرقاش ، وزیر مملکت ڈاکٹر سلطان بن احمد سلطان الجابر ، زکی نصیبہ ، ثقافتی امور کے معاون وزیر عمر سیف غوباش ، اقتصادی اور تجارتی امور کے معاون وزیر عبدالناصر الشالی اور اقوام متحدہ میں متحدہ عرب امارات کی مستقل نمائندہ لانا ذکی نصیبہ نے بھی شرکت کی ۔ ڈاکٹر ذکی انور نصیبہ نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کی دانشمندانہ قیادت کی رہنمائی میں بورڈ آف ٹرسٹیز قوم کی سمت اور سٹریٹجک وژن کی تکمیل میں کلیدی کردار ادا کررہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بورڈ آف ٹرسٹیز کے گیارہویں اجلاس میں مستقل کی ترقی کو یقینی بنانے اور متحدہ عرب امارات کو سفارتی صلاحیتوں کے فروغ کے لئے خطے کا سب سے اہم مرکز بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ امارات ڈپلومیٹک اکیڈمی پوری دنیا سے اہم اور ممتاز سیاسی شخصیات کا مختلف سیشنز میں مہمان مقررین اور معلمین کے طور پر خیرمقدم کرتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ اکیڈمی طلبہ کو بغیر کسی رکاوٹ کے عالمی معیار کا علم اور مہارت فراہم کرنے کا مشن جاری رکھے گی۔ اکیڈمی کے ڈائرکٹر جنرل برنارڈینو لیون نے متحدہ عرب امارات کے سفارتکاروں کی اگلی نسل کی تیاری میں بھرپور تعاون پر شیخ عبد اللہ بن زاید آل نھیان کا شکریہ ادا کیا۔ 


Share: